لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مضرِ صحت گوشت کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لیہ وقار الحسن بودلہ کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے بستی جوتا سعید فارم لیہ میں قائم ایک غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران 150 کلو بدبودار اور رنگ تبدیل شدہ گوشت برآمد ہوا جسے موقع پر موجود ویٹرنری ڈاکٹر نے انسانی صحت کے لیےانتہائی مضر قرار دیا۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے تمام مضرِ صحت گوشت کو موقع پر تلف کر دیا، جبکہ فوڈ ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی پر سلاٹر ہاؤس کے مالک کو گرفتار کر کے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری گوشت کی فراہمی اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایسے کسی بھی غیر قانونی کاروبار کی نشاندہی فوری طور پر فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے

