لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکاما ت پرکاشتکاروں کو مختلف فصلات کی بہترپیدوار بارے آگاہی دینے کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ زراعت توسیع مرکز کوٹ سلطان کے زیر اہتمام تیل دار اجناس/کینولا، سویا بین اور سرسوں پیداوار بڑھانے کے لیے سیمینارکا انعقاد کیا گیا۔آگاہی سیمینار یونین کونسل سرشتہ تھل میں ترقی پسند کاشتکار ملک غلام یاسین واندرکے ڈیرہ پر منعقدہ ہوا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹرزراعت محمدطلحہ شیخ نے سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ تیل دار اجناس کو سلفر اور پوٹاش کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے اس لئے اس کو چھ کلو سلفر اور پھول آنے کی صورت میں 15 کلو پوٹاش ضرور دیں۔رایا جب 60% پیلا ہوجائے اور کینولا جب 45% پیلا نظر آئے تو کٹائی کروالیںکٹائی ہمیشہ زمین سے 2 تا 3 فٹ اوپر سے کروائیں۔ انہو ں نے کہاکہ کپاس کی بہتر پیداوار کے لیے اگیتی کاشت کریں اور ٹرپل جینز ورائٹیز کاشت کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہر کاشتکار اپنی اور ملکی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے تیل دار اجناس کے ساتھ ساتھ کپاس بھی کاشت کریں تاکہ قیمتی زرمبادلہ بچا کر قوم اور ملک کو خوشحال بنایا جا سکے۔ زراعت آفیسر کوٹ سلطان محمد اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ خشک سالی کے تناظر میں گندم کی بہتر پیداوار کے لئے سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو کی ہدایت پر گندم پر ڈیرھ کلو فی سو لیٹر پانی میں پوٹاشیم نائٹریٹ کا سپرے کریں اور سات دن بعد اس دوبارہ دہرائیں۔ ریتلے رقبوں پر آبپاشی کا وقفہ کم کریں نہری پانی کی عدم دستیابی کی موجودگی میں متبادل ذرائع آبپاشی استعمال کریں۔سیمینار میں کاشتکاروں کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔