اسلام آباد(لیہ ٹی وی)وفاقی حکومت نے وائی فائی یا وائرلیس نیٹ ورکس کے ذریعے حساس معلومات کی چوری کے خدشات پر تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور صوبائی حکومتوں کو اہم مراسلہ جاری کیا ہے۔ کابینہ ڈویژن نے خبردار کیا ہے کہ وائرلیس راؤٹرز کو کم محفوظ ڈیوائسز قرار دیا گیا ہے اور ان کے ذریعے نیٹ ورک ٹریفک میں مداخلت ممکن ہے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ راؤٹرز کی اپ ڈیٹس کے ذریعے انٹرنیٹ ٹریفک کو غیرمحفوظ طرف موڑا جا سکتا ہے، اور وائی فائی نیٹ ورک کے ذریعے ڈائریکٹریز اور فائلز باآسانی شیئر کی جا سکتی ہیں۔ مزید برآں، صارفین کو وائی فائی پاس ورڈز کو پیچیدہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور وائی فائی آئی ڈی کو خفیہ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، گیسٹ نیٹ ورک کو بند کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے تاکہ اہم معلومات محفوظ رہ سکیں۔