اسلام آباد (لیہ ٹی وی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے حکومت کی معیشت پر رپورٹوں اور اعداد و شمار کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں سب کچھ بہتر ہونے کے دعوے کر رہی ہے، حالانکہ حقیقت میں معیشت کی صورتحال ابتر ہے۔ پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ موجودہ اعداد و شمار مہنگائی، گیس لوڈ شیڈنگ اور دیگر بحرانوں کی حقیقت کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے مذاکرات آج ہوں گے اور اس حوالے سے دیکھنا یہ ہے کہ بات کس سطح تک پہنچتی ہے۔ دوسری جانب حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈروں سے ملاقات کی۔ ایاز صادق نے پہلے شیر افضل مروت اور پھر سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا سے بھی مشاورت کی، جس میں مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔