لیہ (نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "زیادہ گندم اگاؤ” مہم پر عملدرآمد جاری ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ زراعت لیہ کی جانب سے چک نمبر 120 ٹی ڈی اے میں زرعی بیٹھک منعقد کی گئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت عاشق حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اعجاز قیصرانی، زراعت آفیسر شائستہ یاسمین، دیگر متعلقہ افسران اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب گندم کی زیادہ کاشت اور پیداوار کے لیے کسانوں کو سبسڈی پر زرعی مداخل فراہم کر رہی ہے۔ زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کسانوں کو ٹریکٹر اور نقد انعامات دیے جائیں گے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو محکمہ زراعت سے مستقل مشاورت کرنے اور جدید زرعی طریقوں کو اپنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت عاشق حسین نے کہا کہ محکمہ زراعت کا فیلڈ عملہ کسانوں کی رہنمائی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ کاشتکار کسی بھی مسئلے کے حل کے لیے فیلڈ افسران سے رجوع کر سکتے ہیں اور کسان شاپ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ دریں اثنا، اسسٹنٹ کمشنر نے گندم کے کھیت کا بھی معائنہ کیا اور فصل کی موجودہ حالت پر اطمینان کا اظہار کیا۔