جماعت اسلامی کے امیر کا پانی کے بحران پر نیپا چورنگی کے احتجاج میں خطاب، قابض میئر اور مافیا کو ذمہ دار ٹھہرایا
کراچی(لیہ ٹی وی)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے شہر میں جاری پانی کے بحران پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو اپنے حقوق کے لیے میدان میں نکلنا ہوگا۔ نیپا چورنگی پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پانی کی قلت کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے اپنی آواز بلند نہ کی تو کرپشن اور لوٹ مار کا سلسلہ یونہی جاری رہے گا۔ منعم ظفر نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے کراچی کے شہری پانی کی سنگین قلت کا شکار ہیں اور ایم ڈی واٹر کارپوریشن کی یقین دہانی کے باوجود پانی کی سپلائی بحال نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ یہ قابض میئر کی نااہلی کا نتیجہ ہے کہ شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن میں مینٹیننس کے بہانے پانی کی سپلائی بند کی گئی اور اس دوران ہائیڈرنٹ اور ٹینکر مافیا کو کھلی چھوٹ دے دی گئی، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا۔ امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ شہر میں پانی کی فراہمی فوری طور پر بحال کی جائے اور ہائیڈرنٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے شہریوں کو اپنے حقوق کے لیے متحرک ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی جدوجہد ہی کراچی کے مسائل کا حل ہے۔