لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک کی زیر صدارت سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان، اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ، تحصیلدار، نائب تحصیلدار اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ای رجسٹریشن، تاوان، کرنٹ و بقایاجات، عارضی کاشت اراضی، بورڈ آف ریونیو کے انیشیٹوز، کھیوٹ ایشوز، سکنی موضع جات، زرعی انکم ٹیکس، زیر التوا انتقالات، وارثتی انتقالات، اشٹام ڈیوٹی، انتقالات فیس اور تقسیم جائیداد کے کیسز سمیت دیگر ریونیو معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک نے اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ سرکاری واجبات کی وصولی میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام فیلڈ ریونیو اہلکاروں کو مخصوص اہداف دیے جائیں اور واجبات کی وصولی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نادہندگان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور گورنمنٹ کی ریکوری کو 100 فیصد یقینی بنانے کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے۔ اجلاس میں زیر التوا معاملات کے حل کے لیے خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔