کوئتہ(لیہ ٹی وی)بلوچستان حکومت نے صوبے کے 3 ہزار سے زائد بند اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت مختلف اضلاع میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر اساتذہ کی بھرتی کا عمل جاری ہے۔ رواں سال جون تک صوبے میں 3500 سرکاری اسکولز تھے، لیکن اساتذہ کی کمی کی وجہ سے ان میں سے کئی اسکول بند ہو گئے تھے۔ ضلع پشین کے 254 اسکول بھی اساتذہ کی کمی کی وجہ سے بند تھے۔
اس فیصلے کے تحت اساتذہ کی بھرتی کے عمل کا آغاز کیا گیا، اور اب تک 163 اساتذہ کی تعیناتیاں ہوچکی ہیں۔ ان اساتذہ کو اپنی متعلقہ یونین کونسل کے اسکولز میں تعینات کیا جائے گا، جس کے بعد تقریباً 100 اسکول کھلنے کی توقع ہے۔
نئی تعینات ہونے والی ٹیچر عروج عارف نے اس موقع پر کہا کہ انہیں میرٹ پر منتخب ہونے پر خوشی ہے اور ان کے لیے یہ ایک اعزاز ہے کہ وہ اپنے علاقے کے اسکولوں کو دوبارہ فعال کرنے میں مدد فراہم کر رہی ہیں۔ عروج عارف نے بتایا کہ انہیں یہ خوشخبری ایک ہفتے بعد ملی، جب انہیں بغیر کسی رشوت یا سفارش کے کال آئی۔
دوسری جانب، کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں اساتذہ کی تعیناتیوں میں پیسے لینے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جس پر محکمہ اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اس معاملے کی حقیقت کا پتا چلایا جا سکے۔