ملتان(لیہ ٹی وی)ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے جعلی اور جنسی ادویات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں ڈرگ انسپکٹرز پر مشتمل خصوصی ٹاسک فورس بھی تشکیل دے دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ بغیر گارنٹی اور زائد المعیاد ادویات فراہم کرنے والے دوا ساز اداروں اور میڈیکل اسٹورز کو سربمہر کرنے کا حکم بھی دیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرول اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریاض احمد سمیت ضلعی افسران نے اس موقع پر شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے سماعت کرتے ہوئے 10 میڈیکل سٹورز کے کیسز ڈرگ کورٹ بھجوادیئے ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ادویات سے انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے حقدار نہیں ہیں۔نشہ اور ادویات اور انجیکشن کی خرید و فروخت میں ملوث مافیا پربھی ہاتھ ڈالیں گے۔وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ ڈرگ انسپکٹرز ادویات ساز کمپنیوں کا فزیکل آڈٹ کرکے تمام سٹاک چیک کریں جبکہ جعلی و ممنوعہ ادویات کے دھندے میں ملوث افراد کو کڑی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈرگ کنٹرول بورڈ میں تمام کیسز کو سخت ٹرائل سے گزرا جائے اور غیر رجسٹرڈ اور عطائی اڈوں کی جیو ٹیکنگ کرکے مکروہ کاروبار کو فوری بند کیا جائے۔