لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی ہدایت پر انتظامی افسران کی جانب سے صفائی انتظامات کے جائزہ کے لئے گلی محلوں اور سڑکوں کی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر نے اس سلسلہ میں لیہ شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اے ڈی سی جی نے ہدایت کی کہ صفائی مہم کے تحت روزانہ کی بنیاد پر کام کیا جائے اور خصوصاً سیوریج کی بحالی کے لئے ڈسپوزل ورکس کو چالو رکھا جائے جبکہ اندرون شہر جہاں ضرورت پڑے باوزر اور سکر مشین استعمال کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر میں عارضی ڈمپنگ پوائنٹس کو روزانہ کی بنیاد پر صاف کیا جائے اور کوڑا کرکٹ مستقل ڈمپنگ پوائنٹس پر منتقل کیا جائے۔ اے ڈی سی جی نے سختی سے ہدایت کی کہ سڑکوں اور گلیوں میں کسی صورت تعمیراتی میٹریل نہ رکھنے دیا جائے اور مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ بعد ازاں انہوں نے میونسپل کمیٹی کا بھی دورہ کیا اور مشینری، ریکارڈ، افسران اور سٹاف کی حاضری چیک کی۔