لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)محکمہ سیاحت پنجاب کی جیپ ریلی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں چار روزہ تھل جیپ ریلی کا رنگا رنگ میلہ سجنے کے لیے تیار ہوگیاملکی و غیر ملکی ریسرز کے مابین تیرہ کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے مظفر گڑھ ، کوٹ ادو اور لیہ میں سو سے زائد کلومیٹر کا ٹریک تیار ،محکمہ سیاحت پنجاب نے تھل جیپ ریلی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ تفصیل کے مطابق 04 روزہ نویں تھل جیپ ریلی کا روڈ میپ جاری کردیا گیا ہے جبکہ اس کا باقاعدہ آغاز 7 نومبر کو ہیڈ محمد والا چھانگا مانگا ٹیلے سے ہوگا۔ محکمہ کی جا نب سے 07 سے 10 نومبر تک شیڈول جاری کردیا گیا ہے تاہم 10 نومبر کو مظفر گڑھ فیصل اسٹیڈیم میں تقریب تقسیم انعامات ہوگی۔ تھل ریلی کوٹ ادو کے صحرائوں میں ہوگی جہاں ملکی و غیر ملکی ریسرز اپنے جوہر دکھائیں گے۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق 07 نومبر کو صبح 9 سے 3 بجے تک رجسٹریشن ٹیکنگ ٹیکنیکل انسپکشن اور میڈیکل انسپکشن کا عمل مکمل ہوگا، 08 نومبر کو ہیڈ محمد والا چھانگا مانگا ٹیلہ پر کوالیفائنگ رائونڈ, 09 نومبر کو سٹاک کیٹگری ریس، 10 نومبر کو موڈیفائیڈ وہیکل اور وومن کیٹیگری کے مقابلے اور رات کو فیصل اسٹیڈیم میں تقریب تقسیم انعامات ہوگی ۔ جیپ ریلی میں 100 سے زائد ریسرز حصہ لے رہے ہیں ، مظفر گڑھ ، کوٹ ادو اور لیہ میں سو کلو میٹر سے زائد کا ٹریک تیار کیا گیا ہے اور 13 کیٹیگریز میں مختلف مقابلے ہوں گے جبکہ پہلی مرتبہ چار روزہ میلے میں پنجاب کی ثقافت کو بھی زبردست طریقے سے اجاگر کرنے کے لیے بگھی ، جھومر ، ڈھول کی تھاپ اور سکول کے بچوں کے بہت سے پروگرام شامل کئے گئے ہیں ۔