ملتان(نمائندہ لیہ ٹی وی) جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے زیراہتمام 7 نومبر کو ملتان میں منعقد ہونے والی جنوبی پنجاب مصنوعی ذہانت اور تکنیکی ترقی پر مبنی نمائش میں شرکت کے دعوت نامے جاری کر دیے گئے ہیں۔ اس نمائش اور سیمینار کے انعقاد کے سلسلے میں چونگی نمبر 9 اور بوسن روڈ کی برانڈنگ بھی شروع کر دی گئی ہے
۔یہ نمائش پاکستان میں ٹرپل ہیلکس ماڈل کے تحت منعقد ہونے والی اپنی نوعیت کی پہلی نمائش ہوگی، جس کا تصور ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب، فواد ہاشم ربانی نے پیش کیا ہے۔ اس نمائش میں سرکاری افسران، اسپانسرز، سرمایہ کار، یونیورسٹیوں کے محققین اور طلباء بھرپور شرکت کریں گے۔اس موقع پر ایک سیمینار بھی منعقد کیا جائے گا جس میں جدید پراجیکٹس کو قانونی تحفظ فراہم کرنے اور ان کی کمرشل بنیادوں پر پیداوار کا جائزہ لیا جائے گا۔ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے اس نمائش میں داخلہ بلکل مفت ہوگا۔انتظامیہ نے تمام شہریوں کو شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں اور جنوبی پنجاب کے طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو دیکھیں اور ان کی کاوشوں کا مظاہرہ کریں۔