لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)لیہ کا ایک اور اعزاز۔ تیکوانڈو پلیئر انٹرنیشنل گولڈ میڈلسٹ مہر النساء دختر نے پھر سے لیہ کا نام روشن کر دیا۔ضلع لیہ کی ہونہار اور باصلاحیت تیکوانڈو کھلاڑی مہر النساء دختر لیہ نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی سطح پر ضلع لیہ کا نام روشن کر دیا ہے۔ مہر النساء نے 35ویں نیشنل گیمز کراچی میں شرکت کرتے ہوئے غیر معمولی صلاحیتوں کا ثبوت دیا اور مختلف کیٹیگریز میں چار گولڈ میڈلز اپنے نام کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔مہر النساء کی یہ کامیابی نہ صرف ضلع لیہ بلکہ صوبہ پنجاب کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ وہ اب تک قومی اور بین الاقوامی سطح پر مجموعی طور پر 89 گولڈ میڈلز اور 8 سلور میڈلز حاصل کر چکی ہیں، جو ان کی مسلسل محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے۔ ان کی یہ شاندار کارکردگی نوجوان کھلاڑیوں، بالخصوص طالبات کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔ مہر النساء اب تک نیشنل اور انٹرنیشنل 89 گولڈ میڈل اور 8 سلور میڈل حاصل کر چکی ہیں جو کہ اہلیان لیہ کے لیے بہت اعزاز کی بات ہے ۔ مہر النساء کی اس تاریخی کامیابی پر ضلع بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مختلف سماجی، تعلیمی اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں کی جانب سے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ اہلیانِ لیہ نے بھرپور انداز میں مہر النساء دختر لیہ کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے اور مستقبل میں بھی ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
