لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلع بھر میں آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات لیہ محمد ارشد چغتائی کی زیر نگرانی لیہ اور کروڑ کے مختلف علاقوں میں رات گئے متعدد بھٹہ جات کا معائنہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران زگ زیگ ٹیکنالوجی کی خلاف ورزی پر 4 بھٹہ جات میں غیر قانونی اینٹوں کی بھرائی کو مسمار کر دیا گیا، ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ ایک بھٹہ کو سیل کر دیا گیا۔مزید کارروائیوں کے دوران 4 سروس اسٹیشنز کا معائنہ کیا گیا جہاں واٹر ری سائیکلنگ سسٹم کی تنصیبات کو یقینی بنایا گیا۔ ڈینگی مچھر کی افزائش کے 21 سے زائد مقامات کا معائنہ کیا گیا۔ دو ریسٹورنٹس میں سکشن ہڈز کی تنصیبات نہ ہونے پر نوٹس جاری کیے گئے۔اسی طرح تین کالجز میں ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز اور بسوں کی فٹنس کے حوالے سے وارننگ سلپس جاری کی گئیں جبکہ تین کاروباری مراکز میں 75 مائیکرون سے کم پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کے حوالے سے معائنہ کرتے ہوئے مختلف رنگوں کی ویسٹ سیگریگیشن بنز کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات لیہ محمد ارشد چغتائی نے کہا کہ ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے اور عوام کو صاف و صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے یہ کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گی

