لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ریسکیو 1122 لیہ کے زیرِ اہتمام فورسز سکول سسٹم لیہ کیمپس میں طلباء اور اساتذہ کرام کے لیے ایمرجنسی ٹریننگ سیشن منعقد کیا گیا۔ اس تربیت پروگرام کا بنیادی مقصد طلباء اور اساتذہ کو ہنگامی صورتحال میں فوری اور درست ردِعمل کی تربیت دینا تھا، تاکہ کسی بھی حادثے یا ناگہانی واقعے کی صورت میں وہ خود کو اور دوسروں کو محفوظ بنانے کے قابل ہو سکیں۔ اس ٹریننگ میں ریسکیو 1122 کے ٹرینرز محمد عرفان اور محسن خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ٹرینرز نے شرکاء کو ابتدائی طبی امداد، دل کے دورے کے حملے سے بچاؤ کے لیے سی پی آر، آگ لگنے کی صورت میں بچاؤ، زخمیوں کو محفوظ مقام تک منتقل کرنے کے طریقے، اور قدرتی آفات کے دوران حفاظتی اقدامات کے بارے میں عملی تربیت فراہم کی۔ طلباء نے نہ صرف دلچسپی کا مظاہرہ کیا بلکہ عملی مشقوں میں بھرپور حصہ لیا، جس سے اُن کی اعتماد میں اضافہ ہوا۔ پرنسپل وقاص عالم تھند نے بھی اس اقدام کو تعلیمی ماحول کے لیے انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں طلباء میں شعور اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرتی ہیں۔اس تربیتی سیشن نے نہ صرف سکول کے ماحول میں ایمرجنسی آگاہی کو فروغ دیا بلکہ طلباء کو معاشرے کے ذمہ دار شہری بننے کی طرف ایک مثبت قدم بھی ثابت ہوا۔

