لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) خلیفہ اول ، یار غار و مزار حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یوم وصال، فیضانِ مدینہ لیہ میں عظیم الشان اجتماعِ کا انعقاد کیا گیا۔یومِ صدیقِ اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ، اسلام کے پہلے خلیفہ، خلیفۃُ الرسول، خلیفۂ بلا فصل حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یوم وصال پر منعقدہ عظیم الشان اجتماع میں علما کرام نے روح پرور خطابات کیے۔ اجتماع میں علماء کرام، اساتذہ، طلبۂ کرام اور عاشقانِ صحابہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجتماعِ پاک کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت خوش الحان قاری نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد مرکزی جامعۃُ المدینہ لیہ کے طلبۂ کرام نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت بھری نعت خوانی پیش کی، جس سے محفل میں روحانیت اور کیف و سرور کی کیفیت طاری ہو گئی۔ اس موقع پر طلبۂ کرام نے حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شان میں نہایت خوبصورت اور پُراثر منقبت بھی پیش کی جسے حاضرین نے بے حد سراہا اور دلوں میں محبتِ صدیقِ اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ مزید تازہ ہو گئی۔اجتماعِ پاک سے خطاب کرتے ہوئے ناظمِ جامعۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ لیہ، مولانا محمد رضوان افضل مدنی صاحب نے سیرتِ صدیقِ اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر جامع اور مدلل بیان فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ ایمان، صداقت، اخلاص، ایثار، قربانی اور عشقِ رسول ﷺ کی کامل تصویر تھے۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ہر نازک موقع پر رسولِ اکرم ﷺ کا ساتھ دیا اور خلافت سنبھالنے کے بعد بھی اسلام کی بنیادوں کو مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔مولانا محمد رضوان افضل مدنی صاحب نے مزید فرمایا کہ حضرت صدیقِ اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی زندگی آج کے دور کے مسلمانوں، بالخصوص طلبۂ کرام کے لیے ایک مکمل نمونہ ہے، جس سے ہمیں سچائی، امانت داری، اطاعتِ رسول ﷺ اور دین کے لیے قربانی کا درس ملتا ہے۔ انہوں نے حاضرین کو تلقین کی کہ وہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی سیرت کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔آخر میں اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک و ملت کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد، دینی ترقی اور جامعۃُ المدینہ کی مزید کامیابیوں کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اجتماعِ پاک اختتام پذیر ہوا تو حاضرین کے چہروں پر روحانی مسرت نمایاں تھی۔

