ملتان22اگست(لیہ ٹی وی) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق فصلوں پر بارشوں کے ملے جلے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ صوبہ پنجاب میں دھان کی فصل60 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کاشت ہو چکی ہے۔دھان کی فصل پر بارشوں کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔صوبہ پنجاب میں کماد کی فصل کا زیر کاشت رقبہ 20 لاکھ ایکڑ سے زائد ہے۔کماد کی فصل کی بڑھوتری کے لیے موجودہ موسمی حالات بڑے سازگار ہیں۔بارشوں کے دوران فضائی نائٹروجن سےکھیتوں میں موجود فصلوںکو فائدہ پہنچا ہے۔صوبہ پنجاب میں کپاس کی فصل کا زیر کاشت رقبہ 34 لاکھ ایکڑ ہے۔موجودہ موسمی حالات کے دوران کپاس کی فصل کو خصوصی نگہداشت کی ضرورت ہے۔کپاس کی فصل میں بارشوں کا پانی کھڑا نہ رہنے دیا جائے۔بارشوں کے دوران کپاس کی فصل سے پانی کی نکاسی کا فوری بندوبست کیا جائے۔بارش کے بعد کپاس کی فصل پر دو فیصد (2%) یوریا کا محلول سپرے کیا جائے۔کپاس کے کاشتکار فصل کی باقاعدگی سے پیسٹ سکاؤٹنگ جاری رکھیں اورکیڑوں کی معاشی نقصان دہ حد کو پہنچنے پر سفارش کردہ زرعی زہروں کا سپرے کریں۔ اس کے علاوہ بارشوں کے موسم میں کھیتوں میں موجود سبزیوں کو خصوصی نگہداشت کی ضرورت ہے