لیہ،11 دسمبر 2025(نمائندہ لیہ ٹی وی) ضلع میں یوم قائد اور کرسمس کی تقریبات کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں۔ تینوں تحصیلوں میں کرسمس بازار 22 دسمبر سے آپریشنل کر دئے جائیں۔ یوم قائد کے موقع پر کالجز اور سکولوں میں تقریبات کے انعقاد کے لئے پلان تشکیل دیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے یہ ہدایات کمیٹی روم میں یوم قائد اور کرسمس کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز حارث حمید خان، ندیم ارشد، محبوب اقبال ہنجرا، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ذوالفقار علی حیدری، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر طارق گدارہ اور متعلقہ افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یوم قائد کو شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کرسمس کے لئے بھی بہترین سہولیات پر مزین بازار قائم کئے جائیں اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کا لازمی جزو ہے اور ان کی خوشیوں میں شریک ہو کر ان کا مان مزید بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس بازار میں پھلوں، سبزیوں، گوشت، سبسڈائز آٹے کی وافر اور معیاری مقدار فراہم کی جائے۔

