لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اپنی زمین اپنا گھر کے لئے سکروٹنی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت کمیٹی روم میں سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان، ڈپٹی ڈائریکٹر پھاٹا رضوان اکبر، میونسپل کمیٹی لیہ سے مہر نوید موجود تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع میں اپنی زمین اپنا گھر پروگرام کے لئے زمین الاٹ کر دی گئی ہے اور 55 پلاٹ مختص کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے مستحق افراد کے لئے اپنی زمین اپنا گھر پروگرام لانچ کیا گیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ درخواست گزار افراد کی سکروٹنی کا عمل تیز کیا جائے اور میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے مستحق افراد کو ان کا حق دیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ درخواست گزاروں کے کوائف حاصل کئے جائیں اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور اے ڈی ایل آر سے کوائف کی تصدیق کا عمل کروایا جائے۔

