لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ سی ایم انیشیٹوز خالصتاً عوامی فلاح و بہبود کے لئے ہیں۔ تمام متعلقہ محکمے کے پی آئز کی تکمیل کے لئے بھرپور اقدامات کریں۔ انہوں نے یہ بات دورہ لیہ کے موقع پر کمیٹی روم میں افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز شاہد ملک، شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنرز حارث حمید خان، ندیم ارشد، محبوب اقبال ہنجرا اور ضلعی محکموں کے سربراہان موجود تھے۔ کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ مین ہولز کے ڈھکن ترجیحی بنیادوں پر بروقت تبدیل کئے جائیں۔ ترقیاتی سکیموں میں حائل رکاوٹوں کے سلسلہ میں متعلقہ حکام کو لکھا جائے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق بیوٹیفیکیشن آف لیہ کی دو سکیموں کو ماہ فروری تک مکمل کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کو موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری فیصلے کئے جائیں تاکہ یتیموں، بیواؤں اور بے بس افراد کی داد رسی ممکن ہو۔ کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ شوگر کین کرشنگ سیزن کے دوران حادثات کی روک تھام اور ٹریفک جام سے بچنے کے لئے پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں مسنگ فسیلیٹیز پروگرام کے تحت نئے کلاس رومز اور ٹوائلٹ بلاکس کی تعمیر اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو ترجیح دی جائے۔

