لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر کا صبح سویرے ٹی ایچ کیو ہسپتال چوبارہ کا اچانک دورہ۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں سے خیریت دریافت کی اور سٹاف کی حاضری، ادویات کی فراہمی، اور مریضوں کو دیگر دی جانے والی سہولیات کے بارے میں جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کا سٹاف کی متعلقہ ڈیسک/ کاؤنٹر پر عدم موجودگی پر سخت اظہار برہمی۔ اے ڈی سی جی نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی سٹاف متعلقہ کاؤنٹر پر اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور لواحقین سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ڈاکٹرز اور سٹاف پیشہ مسیحائی کے تقدس کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں تاکہ عوام مستفید ہو سکیں۔
