لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے۔ یتیموں، بیواؤں اور بے بس افراد کو ان کا حق فوری پہنچایا جانے لگا۔ پنجاب تحفظ غیر منقولہ جائیداد کے تحفظ کے آرڈیننس کے تحت ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی میں آنے والی درخواستوں پر فوری شنوائی اور داد رسی میں تیزی آگئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی سربراہی میں کمیٹی کو موصول ہونے والی چک نمبر 96 ٹی ڈی اے کے عباس سواگ کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر نے رقبہ کا قبضہ فوری درخواست گزار کو واپس دلوانے کی ہدایت کی جس پر متعلقہ ریونیو افسران اور سٹاف نے کارروائی کرتے ہوئے درخواست گزار کو اس کا ملکیتی رقبہ 6 ایکڑ کا قبضہ واپس دلوا دیا۔ اسی طرح چک نمبر 275 ٹی ڈی اے کے رہائشی غلام مرتضی کی درخواست پر اس کا رقبہ 14 کنال 10 مرلے اس کو واپس مل گیا۔ درخواست گزاروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس وژن کو سلام پیش کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے ہدایت کی ہے کہ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی میں موصول ہونے والی درخواستوں پر ریونیو افسران اور سٹاف تمام قانونی کارروائی مکمل کر کے رپورٹ پیش کریں اور جلد سے جلد قابضین سے رقبے واگزار کر کے اصل حقداروں کو واپس کئے جائیں۔

