لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی ہدایات پر لیہ پولیس نے سال 2025 کے دوران پولیس فورس اور ان کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے۔ رواں سال ویلفیئر پروگرام کے تحت تعلیم، علاج و معالجہ، شادی فنڈز اور مالی امداد کی مد میں خطیر رقوم جاری کی گئیں۔ترجمان کے مطابق اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے لیہ پولیس نے 86 پولیس ملازمین کے بچوں کو مجموعی طور پر 26 لاکھ روپے کے اسکالرشپ جاری کیے۔ اسی سلسلے میں شہداء اور حاضر سروس اہلکاروں کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے متعدد پرائیویٹ اسکولوں کے ساتھ ایم او یو سائن کیے گئے، جن کے تحت 28 ملازمین کے 44 بچوں کو مختلف سکولوں میں داخلے اور ماہانہ فیس میں 30 فیصد رعایت کی سہولت دی گئی، پولیس ملازمین کی بیٹیوں کی شادی کے موقع پر تعاون کے لیے 52 لاکھ روپے مالیت کا ویڈنگ و جہیز فنڈ 50 پولیس اہلکاروں کو جاری کیا گیا۔ جبکہ دورانِ سروس وفات پانے والے اہلکاروں کی تدفین کے لیے 2 لاکھ روپے ویلفیئر فنڈ سے ادا کیے گئےاسی طرح شہداء پولیس کے اہل خانہ کی امداد کے لیے 2 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی جبکہ مستحق ملازمین کی مالی مدد کے لیے 7 لاکھ 66 ہزار روپے کی معاونت فراہم کی گئی۔لیہ پولیس کا کہنا ہے کہ فورس کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی مزید وسعت کے ساتھ جاری رہے گا۔
