لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یتیم بچی کو اس کا حق دلوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل کروڑ لعل عیسن کی بیوہ خاتون نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو درخواست گزاری کہ اس کی یتیم بچی کو وراثتی جائیداد میں حصہ نہیں دیا جا رہا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار کو یبوہ خاتون اور اس کی معصوم بیٹی کی فوری داد رسی کی ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے بیوہ خاتون اور اس کی یتیم بچی کی شنوائی کرتے ہوئے پنجاب غیر منقولہ جائیداد کی ملکیت کے تحفظ کے آرڈیننس(PPOIP) کے تحت فوری طور پر یتیم بچی کو اس کا حق دلوا دیا۔ بیوہ خاتون اور بچی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے دعائیں دیں۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام اور ان کی جائیداد کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ کسی زور آور کو کسی کا جائز وراثتی حق ہڑپ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس سلسلہ میں ڈی سی آفس اپنی شکایات درج کروائیں جن پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔

