لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈی ایس پی پٹرولنگ ضلع لیہ راؤ عمر فاروق نے پٹرولنگ پوسٹ 234 ٹی ڈی اے اور قاضی آباد کا دورہ کیا۔ انہوں نےملازمین کی حاضری، گشت ، ریکارڈ اور مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے تمام انچارجز اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ موجودہ ملکی اور سیکیورٹی حالات کے پیش نظر اپنے فرائض کو عبادت سمجھتے ہوئے مکمل ایمانداری، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کے مطابق انجام دیں کسی قسم کی کرپشن، غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈی ایس پی پٹرولنگ نے ہدایت دی کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں، بغیر لائسنس ڈرائیورز اور میعاد ختم شدہ لائسنس رکھنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ سموگ و فوگ آگاہی مہم کے سلسلے میں پٹرولنگ پولیس کے اہلکار شہریوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کریں جبکہ دھواں چھوڑنے والی اور ناقص لائٹس والی گاڑیوں کے خلاف بھی موثر کارروائی کی جائے۔ راؤ عمر فاروق نے کہا کہ پٹرولنگ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گشت، پڑتال اور بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو دورانِ سفر محفوظ ماحول فراہم کرنا اور کسی بھی ایمرجنسی میں فوری رسپانس دینا پٹرولنگ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے لیے اہلکار سڑکوں پر مسلسل گشت پر موجود رہتے ہیں۔اس موقع پرانچارج پٹرولنگ پوسٹ قاضی آباد فخر اقبال نے بتایاکہ رواں ماہ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف 991 چالان کیے گئے، 28 ہیلپس فراہم کی گئیں جبکہ اوور لوڈنگ اور اوور اسپیڈنگ کے خلاف 15 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔انچارج پٹرولنگ پوسٹ 234 ٹی ڈی اے عالم شیر نے بتایا کہ رواں ماہ میں اب تک 1145 چالان جاری کیے گئے، 34 ہیلپس فراہم کی گئیں اور اوورلوڈنگ و اوور اسپیڈنگ کے 18 مقدمات درج کیے گئے۔

