لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)پہاڑپور، کوٹ سلطان کے نواحی علاقے میں آئل ٹینکر نے موٹر سائیکل سواروں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 36 سالہ نوجوان اور اس کی پانچ سالہ کمسن بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ دل خراش واقعہ اُس وقت پیش آیا جب باپ بیٹی موٹر سائیکل پر سفر کر رہے تھے کہ تیز رفتار آئل ٹینکر بے قابو ہو کر ان پر چڑھ گیا۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور دونوں جاں بحق افراد کی لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹ سلطان منتقل کر دیا۔ حادثے کے بعد مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے اور ذمہ دار ڈرائیور کے بارے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔جاں بحق ہونے والے باپ اور اس کی معصوم بیٹی کا تعلق مظفرگڑھ کے علاقے کرم داد قریشی سے بتایا جاتا ہے۔ علاقے میں اس حادثے کے بعد شدید سوگ کی فضا پائی جا رہی ہے۔
