لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)محکمہ تحفظ ماحولیات حکومت پنجاب نے سموگ کے بڑھتے ہوئے خدشہ کے پیش نظر عوام کے لئے گائڈ لائنز جاری کر دیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات محمد ارشد چغتائی کے مطابق سموگ کی بڑھتی صورتحال کے پیش نظر عوام الناس کی صحت عامہ کی تحفظ کے لیے ڈائریکٹر جنرل محکمہ تحفظ ماحول حکومت پنجاب کی جانب سے فی الفور عمل درآمد کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کے پیش نظر عوام گھروں سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔ ماسک کا استعمال لازمی کریں اور سانس، آنکھوں کی سوزش کی شکایات کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ گائیڈ لائن کے مطابق سموگ کی صورت میں شہری گھروں اور گاڑیوں کے شیشے، کھڑکیاں، دروازے بند رکھیں۔ سرخ بتی پر گاڑیوں کے انجن بند کر دیں، سائیکل اور موٹر سائیکل کی سواری کو ترجیح دیں۔ ماحول دوست سواری، ای بس سروس استعمال کی جائے۔ کوڑا کرکٹ، فصلوں کی باقیات کو ہرگز نہ جلایا جائے۔
