لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)محکمہ تعلیم کا طلبہ میں دلچسپی اور اپنائیت بڑھانے کے لیے نئی سرگرمی کا آغاز۔حکومتِ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ تعلیم طلبہ کو تعلیم کی طرف راغب کرنے، سکول کے ماحول کو خوشگوار بنانے اور کلاس روم کلچر کو مثبت خطوط پر استوار کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔ اسی سلسلے میں گورنمنٹ ہائی سکول ایم سی نمبر 1 لیہ میں نہم جماعت کے کلاس انچارج ایاز ملغانی نے طلبہ کی ذہن سازی اور انہیں ادارے سے وابستگی کا احساس دلانے کے لیے ایک منفرد اور مؤثر قدم متعارف کروایا ہے۔ایاز ملغانی نے بتایاک کلاس روم میں ایک خوبصورت چارٹ تیار کیا گیا جس پر شجر (Tree Chart) کی شکل میں تمام طلبہ کی تصاویر آویزاں کی گئیں بچوں نے خود اس سرگرمی میں حصہ لیا جس سے نہ صرف ان میں دلچسپی بڑھی بلکہ جماعت میں اتحاد، یکجہتی اور باہمی احترام کا تصور بھی مضبوط ہوا اس درخت کے ذریعے بچوں کو یہ پیغام دیا گیا کہ جیسے درخت کی ہر شاخ اور ہر پتا ایک دوسرے سے جڑا ہوتا ہے، اسی طرح ہم سب بھی ایک خاندان ہیں، اور مل جل کر ہی مضبوط بنتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بچوں کو اپنائیت اور اپنی کلاس سے محبت کا احساس دینا سب سے ضروری ہے جب طالبعلم خود کو ادارے کا حصہ محسوس کرتے ہیں تو ان کی پڑھائی کی طرف دلچسپی کئی گنا بڑھ جاتی ہے یہ سرگرمی اسی مقصد کے تحت کی گئی ہے اوراس سے بچوں میں نمایاں مثبت تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔

