لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ضلع میں کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد کا فیصلہ۔ حادثات سے بچاؤ کے لئے اوور لوڈنگ، اوور سپیڈنگ کے خلاف سیکرٹری آر ٹی اے، ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کو خصوصی احکامات جاری کر دئے گئے۔ سموگ کے تدارک کے لئے کوئلہ کی بھٹیاں فوری بند کرنے کے بھی احکامات جاری۔ شوگر کین کرشنگ سیزن کے دوران تمام ٹرالیوں کے لئے ریفلیکٹرز، فوگ لائٹس لازمی قرار دے دی گئیں۔ اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی زیر صدارت ریجنل ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز شاہد ملک، شبیر احمد ڈوگر، سیکرٹری آر ٹی اے/ اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان، ایس ڈی ای او پیرا ام حبیبہ، ڈی ایس پی محمد کلیم، ڈی ایس پی ٹریفک ظفر اقبال، ایس ایچ او سٹی عابد حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت عاشق حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات ارشد چغتائی، جی ایم شوگر ملز محمد مقصود، ٹرانسپورٹرز نمائندگان اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حادثات کی روک تھام کیلئے تمام متعلقہ محکمے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں۔ کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اوور لوڈڈ اور اوور سپیڈنگ گاڑیوں کو تھانہ میں بند کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکول وین اور رکشوں پر اوور لوڈنگ کے کی صورت میں رکشہ/ وین مالک اور پرائیوٹ/ سرکاری سکول مالک، ہیڈ ٹیچر کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کرشنگ سیزن کے موقع پر ٹریفک کا جامع پلان مرتب کیا جائے تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سموگ کے تدارک کے لئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، بھٹہ خشت اور خصوصاً کوئلہ بنانے والی بھٹیوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور کوئلہ بنانے والی بھٹیوں کو بند کروایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شوگر کین گرورز کو بھی اوور لوڈنگ سے اجتناب برتنے بارے آگہی دی جائے۔

