لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے ملک عثمان علی اولکھ کی نشاندہی پر فتح پور تا اٹھارہ ہزاری زیر تعمیر سڑک میں ناقص میٹریل کا نوٹس لے لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اے ڈی سی جی کی سربراہی میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو رپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ انہوں نے یہ ہدایات سرکٹ ہاؤس میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں دیں۔ اجلاس میں سابق ایم پی ایز لالہ طاہر رندھاوا، عبد الشکور سواگ نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے احمد علی اولکھ پارک فتح پور، بلال پارک اور لیڈیز پارک چوک اعظم میں نمائشی گھاس اور پودے لگانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں عثمان علی اولکھ کی طرف سے غلہ منڈی کروڑ لعل عیسن کو آپریشنل کرنے اور کسانوں کے خلاف ذخیرہ اندوزی ایکٹ کے تحت گندم رکھنے کے سلسلہ میں بلا جواز آپریشن کی بھی نشاہدہی کی جس پر ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غلہ منڈی کروڑ لعل عیسن بارے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کسان کی ملکیت ہے ذخیرہ اندوزی ایکٹ کے تحت صرف غیر رجسٹرڈ گوداموں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن سے قبل تاجر برادری کو مکمل اعتماد میں لیا جائے۔ ریڑھی مالکان کا کسی صورت نقصان نہ کیا جائے اور انہیں متبادل جگہ فراہم کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے سابق ایم پی اے لالہ طاہر رندھاوا کی تجویز پر چوک اعظم اور چوبارہ میں صفائی ستھرائی اور بیوٹیفیکیشن کے لئے خصوصی اقدامات اٹھانے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر کو پلان بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمد شاہد ملک،شبیر احمد ڈوگر،اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان،اسسٹنٹ کمشنر کروڑ لعل عیسن محبوب اقبال ہنجرا، اسسٹنٹ کمشنر تحصیل چوبارہ ندیم ارشد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اسحاق کھیرانی،ڈی ایس پی محمدشوکت، ایکسین بلڈنگ سجاد حسین،سی او ایم سیز،سی او ضلع کونسل ودیگر موجود تھے۔

