ریاض ۔21اگست (لیہ ٹی وی):سعودی عرب کی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات کولمبیا میں ہیلتھ کیئر پروجیکٹ قائم کرنے پر غور کررہی ہے۔ شاہ سلمان مرکز کے رضاکاراورطبی عملے کے ارکان نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کولمبیا کے شہروں بوگوٹا اور کیو بیکو کا دورہ کیا ۔انہوں نے سرکاری صحت کے عہدیداروں اور کئی ہسپتالوں کےافسران و حکام سے بات چیت کی۔یاد رہے کہ سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات دنیا بھرمیں لاکھوں ضرورت مندوں کی مشکلات پر قابو پانے اور معمول کی زندگی گزارنے کی راہ ہموار کرنے میں ان کی مدد کر رہی ہے۔شاہ سلمان مرکز مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 92 ممالک میں مختلف قسم کے 2ہزار 402 امدادی منصوبے شروع کئے ہیں۔یہ منصوبے 176 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کئے گئے ہیں۔