لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام الخدمت اسپتال لیہ میں آرفن کیئر پروگرام کے تحت دو روزہ سکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں 310 رجسٹرڈ یتیم بچوں اور ان کی ماؤں کا علاج کیا گیا۔ مختلف امراض کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ، الٹراساؤنڈ، اور ڈاکٹرز کی تجویز کردہ ادویات فراہم کی گئیں،
جبکہ نظر کی کمزوری کا شکار بچوں اور ماؤں کو عینکیں بھی دی گئیں۔ کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں نے اپنی خدمات پیش کیں، جن میں جنرل فزیشن ڈاکٹر محمد علی کھر، گائناکالوجسٹ ڈاکٹر ثناء، آئی اسپیشلسٹ ڈاکٹر کامران، اور ڈینٹل سرجن ڈاکٹر اریج اسلم اور ڈاکٹر میاں الطاف شامل تھے۔ یتیم بچوں اور ان کی ماؤں کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے اس اقدام کو عوام کی جانب سے سراہا گیا۔