بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 148واں یوم پیدائش آج روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ بابائے قوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور سرکاری و غیرسرکاری ادارے خصوصی تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں۔ کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مختلف تقریبات میں قائداعظم کی قیادت اور قومی جدوجہد کے پہلوؤں پر روشنی ڈالی جائے گی۔