لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) – اسسٹنٹ کمشنر تحصیل چوبارہ ثنا اللہ ہنجر نے میونسپل کمیٹی میں پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری کاونٹر کا معائنہ کیا اور وہاں موجود ڈیٹا انٹری آپریٹر کی حاضری اور موجودگی کو چیک کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں پہلی بار مستند ڈیٹا مرتب کرنے کے لیے تحصیل چوبارہ میں سوشو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کا آغاز ہو چکا ہے، جس میں ہر گھرانے کی معاشی صورت حال بھی درج کی جائے گی۔ثنا اللہ ہنجر نے کہا کہ سوشو اکنامک رجسٹری میں درج افراد ہی سوشل پروٹیکشن پراجیکٹس کے حق دار ہوں گے، اور مستند ڈیٹا کی موجودگی سے حق دار کو ہی اس کا حق ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے لیے سوشو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ میں رجسٹریشن کا عمل آسان بنایا گیا ہے تاکہ حکومت کو عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد مل سکے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے سوشو اکنامک رجسٹری کاونٹر پر آنے والے شہریوں کو بہترین طریقے سے رہنمائی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔