پاکستان معاشی مشکلات سے نکلنے کی راہ پر ہے، اسٹاک مارکیٹ اور دیگر انڈیکیٹرز میں مثبت تبدیلیاں نظر آ رہی ہیں۔
سیالکوٹ (لیہ ٹی وی) وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور آئی ایم ایف کا دباؤ بھی موجود ہے، تاہم معاشی صورتحال میں بہتری کی امید ہے۔ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صنعتی برادری کے مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور اس وقت کچھ روشنی کی کرن نظر آنا شروع ہو گئی ہے۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اقتصادی انڈیکیٹرز مثبت سمت میں جا رہے ہیں اور ہم آہستہ آہستہ مایوسی کے دور سے نکل چکے ہیں، حالانکہ ابھی بھی کئی رکاوٹیں عبور کرنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات معاشی مجبوریاں تکلیف دہ ہوتی ہیں اور کچھ فیصلے مجبوریوں کی وجہ سے نہیں لیے جا پاتے۔وزیرِ دفاع نے پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے اور وہ ملک کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں جتنی سولرائزیشن ہوئی ہے، وہ کسی دوسرے ملک میں نہیں ہوئی، اور وقت کے ساتھ ساتھ ملک کے مسائل حل ہوتے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دور میں ملک میں بہت بڑی کرپشن ہوئی، جس کا اثر آج بھی موجود ہے۔وفاقی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اسٹاک مارکیٹ اور دیگر انڈیکیٹرز مثالی صورتحال میں ہیں اور مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔