لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)وزیر اعلیٰ پنجاب کے بنیادی کارکردگی کے اعشاریوں( کے پی آئز) پروگرام کی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان نے اس سلسلہ میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول 152 ٹی ڈی اے اور یو سی لدھانہ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبد الصمد اور سیکرٹری یونین کونسل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے سکول میں صفائی ستھرائی اور تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور کلاس روم چیک کئے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اس موقع پر طلبا سے بھی گفتگو کی اور مختلف سوالات پوچھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ طلبا اور اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور تدریسی عمل میں مشفقانہ مزاج اپنایا جائے تاکہ طلبا میں تعلیم سے رغبت میں اضافہ ہو اور ان کی کردار سازی، قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے۔ دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر نے یو سی لدھانہ میں وزیر اعلیٰ ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور جاری صفائی ستھرائی کے اقدامات کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ یونین کونسلوں کے چکوک اور دیہاتوں میں صفائی پر پلان کے مطابق عمل کیا جائے اور کمیونٹی کے ساتھ رابطہ رکھا جائے تاکہ صفائی کے اہداف پورے ہو سکیں