لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)تھل جیپ ریلی اور میلہ کا آغاز 7 نومبر کو دن 11 بجے مقررہ وقت پر ہوگا۔ سابق صوبائی وزیر زراعت ملک احمد علی اولکھ میلہ کا افتتاح کریں گے۔
اس بات کا فیصلہ تھل جیپ ریلی اور میلہ کے انتظامات کے جائزہ کے سلسلہ میں کنوینر علی اصغر گرمانی اور ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ایم پی اے علی اصغر گرمانی، سابق پارلیمنٹرین صاحبزادہ فیض الحسن سواگ،ملک احمد علی اولکھ، چوہدری طاہر رندھاوا، عبد الشکور سواگ، چوہدری بشارت رندھاوا، ڈاکٹر نور اکبر بخاری اور متعلقہ افسران موجود تھے۔ اجلاس میں طے پایا کہ تھل جیپ ریلی کے مڈ پوائنٹ پر میلہ کو کامیاب بنانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس میں طے پایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق علاقائی ثقافت اور سیاحت کے فروغ کے لئے اس طرح کے پروگراموں کو گراس روٹ لیول پر پروموٹ کرنے کے لئے ہر فرد کردار ادا کرے گا۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلہ میں مقامی اور قومی سطح کے فنکاروں، گلوکاروں اور پلیئرز کے لئے یکساں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میلہ میں شائقین کے لئے پہلے سے زیادہ دلچسپ اور ہمہ قسمی کھیلوں اور ثقافت پر مبنی لوازمات شامل کئے گئے ہیں