لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار انسداد پولیو کی قومی مہم کی مانیٹرنگ کے لئے فیلڈ میں متحرک ہو گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ اور اندرون شہر کے مختلف محلوں کا دورہ کیا اور گھر گھر جا کر مارکنگ چیک کی۔ اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان اور ڈی ایچ او ڈاکٹر غلام محی الدین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول سے واپس آنے والے بچوں کی فنگر مارکنگ بھی چیک کی اور ان سے پولیو ویکسین بارے دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی موجودگی اور ان کے ریکارڈ کا بھی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جاری پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ایمانداری اور فرض شناسی سے کام کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران یقینی بنایا جائے کہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ وہ تمام مہم کی خود مانیٹرنگ کریں گی اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کا بھی جائزہ لیں گی اور اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی