لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرسکول آوٹ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول چک نمبر 144 ٹی ڈی اے لدھانہ میں آؤٹ آف سکول چلڈرن آگاہی سیمینار منعقدہو ا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل محمدشبیراحمدتھے۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر حارث حمیدخان،اسسٹنٹ ڈائریکٹرتعلیم عبدالمجید،اساتذہ موجودتھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل محمدشبیراحمدنے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب نے شعبہ تعلیم پر فوکس کیا ہوا ہے شعبہ تعلیم میں بہتری اوراس کو جدیدخطوط پراستوار کرنے کے لیے اربوں روپے خرچ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری سکول میں اعلی تربیت یافتہ اساتذہ بچوں کو دلجمعی سے پڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر توجہ دئے رہے ہیں کیونکہ طلبہ ہمارا مستقبل ہیں ان کی بہترین تعلیم و تربیت ہمارا مشن ہے۔انہوں نے کہا والدین اپنی ذمہ داری ادا کریں اپنے بچوں کو سرکاری تعلیمی اداروں میں ضروربھیجیں اور انہیں معاشرے کا تعلیم یافتہ شخص بنائیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ پڑھائی میں اپنی بیٹیوں میںہرگزفرق نہ کریں انہیں بھی اعلی تعلیم دیں کیونکہ ایک پڑھی لکھی ماں ہی بہترین معاشرے کی بنیاد رکھ سکتی ہے ۔ اس موقع پر بچوں میں بیگ بھی تقسیم کیے گئے۔ آگاہی سیمینا رمیں والدین کی کثیرتعداد موجودتھی۔