ملتان(لیہ ٹی وی ) چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ملتان عبدالرزاق ڈوگر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی دیوالی کے موقع پر اپنے ہندو ملازمین کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے اس سلسلے میں تمام ہندو ملازمین و عملہ صفائی کو یکم نومبر کے موقع پر عام تعطیل دی گئی ہے جبکہ تمام اقلیتیی ہندو ملازمین کو ایڈوانس تنخواہیں بھی ادا کردی گئیں ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے آفس میں دوران ڈیوٹی فوت ہونے والے ملازمین کے لواحقین میں چیک تقسیم کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر لواحقین کو 2 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد کے واجبات ادا کئے گئے۔کمپنی سیکرٹری کبیر خان ،منیجر فنانس ساجد ریاض اور منیجر ایچ آر عقیل احمد بھی انکے ہمراہ موجود تھے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالزراق ڈوگر نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں اس سلسلے میں سخت موسم میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے تمام ملازمین کیلئے معالجہ کی بھی کوششیں جاری ہیں۔عبدالرزاق ڈوگر نے کہا کہ دوران ڈیوٹی فوت ہونے والے ملازمین کے اہل خانہ کی مکمل کفالت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کمپنی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دیوالی کے موقع پر تمام ہندو ملازمین کی خوشیوں میں بھرپور شرکت کی جائے۔اس موقع پر کمپنی کے مرحوم ملازمین کے اہل خانہ کی جانب سے مالی امداد ملنے پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی انتظامیہ کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔