ملتان(لیہ ٹی وی ) ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ ضلع ملتان میں 3 روزہ قومی پولیو مہم کا آغاز 28 اکتوبر سے ہوگا مہم کے دوران گھر گھر مہم کے دوران 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے.ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہباز شریف ہسپتال میں پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریاض احمد اور ایم ایس شہباز شریف ہسپتال ڈاکٹر نصیر احمد ہراج بھی موجود تھے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو پولیو قطرے پلائے اور تحائف و کھلونے بھی تقسیم کئے۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ضلع ملتان کے 10 لاکھ 23 ہزار سے زائد کم سن بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ پولیو مہم کیلئے 4 ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ یونین کونسلز اور عوامی مقامات سمیت بس اڈوں پر خصوصی کیمپ قائم کئے جائیں گے کیونکہ پولیو فری پاکستان کیلئے ریاست زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔وسیم حامد سندھو نے کہا کہ بچوں کو قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین سخت قانونی کارروائی کیلئے تیار رہیں۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریاض نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی ٹریننگ مکمل،ہر بچے تک ٹیم پہنچے گی۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریاض احمد نے کہا کہ پولیو مہم کی نگرانی کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کے زریعے بھرپور مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔