ملتان(لیہ ٹی وی)جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ ٹیکنالوجیکل ایڈوانسمنٹ نمائش و سیمینار کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ اس ایونٹ میں جنوبی پنجاب میں واقع سرکاری اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں کی تیار کردہ جدت پر مبنی سائنٹیفک ایجادات اور پراڈکٹس کے ماڈلز کو نمائش کے لئے پیش کیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ان ماڈلز کو پیٹنٹ کرانے ،کاپی رائٹس دلوانے اور ان کی کمرشل بنیادوں پر تیاری کے لئے سپانسرز فراہم کرنےمیں تعاون کرے گا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم کی ہدایت پر یہ سائنسی میلہ7 نومبر کو ملتان مارکی میں منعقد ہوگا
جس میں تعلیمی اداروں کے پروفیسرز، ریسرچرز، سٹوڈنٹس، صنعتکار، بزنس مین، مختلف شعبوں کے ماہرین اور جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز شرکت کریں گے۔اس آرٹیفیشنل انٹیلیجنس اینڈ ٹیکنالوجیکل ایڈوانسمنٹ نمائش و سیمینار کے انتظامات کا جائزہ لینے کےلئے سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب انجنئیر امجد شعیب خان ترین کی زیر صدارت آج ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب سرفراز احمد،ایڈیشنل سیکرٹریز عطاءالحق، محمدفاروق ڈوگر، ڈپٹی سیکرٹری سروسز نئیر مصطفےٰ اور سیکشن آفیسر عامر ملک نے شرکت کی۔ سیکرٹری سروسز انجینئر امجد شعیب خان ترین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اینڈ ٹیکنالوجیکل ایڈوانسمنٹ نمائش اینڈ سیمینار کے انعقاد سے جنوبی پنجاب کے تعلیمی اداروں میں ریسرچ کرنیوالوں کی نہ صرف حوصلہ افزائی ہوگی اور انہیں دنیا میں پہچان ملے گی بلکہ یہ پراڈکٹس آمدنی کے ذریعہ بنیں گی اور کمیونٹی بھی اس ایجادات سے فائدہ اٹھا سکے گی۔