ملتان(لیہ ٹی وی ) ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی ہدایت پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی انتظامیہ نے سبزی منڈی میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے گرینڈ صفائی آپریشن شروع کردیا ہے اس سلسلے میں سبزی منڈی میں گزشتہ روز بھرپور صفائی آپریشن کا آغاز کیا اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی بھاری مشینری کے ذریعے کوڑا کرکٹ کے ڈھیر صاف کئے گئے اس موقع پر سبزی منڈی کے راستوں پر ویسٹ سکریپنگ کرکے چونا اور چھڑکاو¿ بھی کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے سبزی منڈی کا دورہ کیا اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالرزاق ڈوگر اور منیجر آپریشن انوار الحق کے ہمراہ صفائی آپریشن کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے منڈی کے مختلف حصوں میں کنٹینرز اور ویسٹ ڈرم بھی نصب کئے گئے۔ منیجر آپریشن انوار الحق اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی محمد اظہر نے سبزی منڈی کی اپ گریڈیشن اور صفائی انتظامات پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کوڑا کرکٹ شہر سے باہر منتقل کرنے کا حکم جاری کیا ہے تمام وسائل بروئے کار لاکر پوری سبزی منڈی کو گندگی سے پاک کرینگے۔وسیم حامد سندھو نے مزید کہا کہ آڑھتیوں اور عوام کی سہولت کیلئے عارضی ویسٹ ٹرانسفر سٹیشن بھی منتقل کیا جارہا ہے۔