لیہ( نمائندہ لیہ ٹی وی)ضلع کا سب سے بڑا فیملی ایونٹ 9 واں لیہ تھل میلہ کے انتظامات شروع کر دئے ہیں۔ تھل جیپ ریلی کے موقع پر اہلیان لیہ کو منفرد لیہ تھل میلہ دیکھنے کو ملے گا۔ مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع کی فراہمی، لیہ کی تاریخ و ثقافت کو اجاگر کرنا اور لیہ کو شناخت دینا
لیہ تھل میلہ کا بنیادی مقصد ہے۔لیہ تھل میلہ و جیپ ریلی 7 نومبر سے شروع ہوں گے۔ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی زیر صدارت 9 ویں لیہ تھل میلہ کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں اے ڈی سیزمحمد شاہد ملک،محمد شبیر احمد، اسسٹنٹ کمشنرز حارث حمید خان،انعم اکرم،ثناءاللہ ہنجراء،صدر انجمن تاجران اظہر ہانس، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کامران جاوید،سی ای او تعلیم شوکت علی شیروانی، سی ای او صحت ڈاکٹر شاہد ریاض،ڈی ایس او امتیاز احمد بھٹی و متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیہ تھل میلہ کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں جس میں مرد و خواتین اور بچوں کے لئے سہولیات اور تفریح کے یکساں مواقع ہوں۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے ہدایت کی کہ لیہ تھل میلہ میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لئے تحصیل کروڑ اور فتح پور شہر سے بھی سپیشل پبلک ٹرانسپورٹ چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے سٹالز خوبصورت اور ہم آہنگ طریقے سے لگائے جائیں اور موذوں فوڈ سٹریٹ کا بندوبست کیا جائے تاکہ عوام کو سستی، من پسند، تازہ اور معیاری اشیاء خوردونوش میسر ہوں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سیکورٹی اور ٹریفک کے فول پروف انتظامات کئے جائیں تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں لیہ تھل میلہ کے لئے اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ ثناء اللہ ہنجرا کو فوکل پرسن نامزد کیا جبکہ متعلقہ محکموں کو ان کے فرائض سونپے۔ اجلاس میں ڈیزرٹ سفاری، ہارس اینڈ کیٹل شو، کبڈی، رسہ کشی، دیسی کشتیوں، والی بال، سٹیج پرفارمینس، نیزہ بازی، آتش بازی اور میوزیکل نائٹ کے پروگراموں پر بھی تفصیلی بحث کی گئی