امسال صوبہ پنجاب میں گندم کی کاشت کا ہدف1 کروڑ65 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو
ملتان (لیہ ٹی وی)امسال صوبہ پنجاب میں گندم کی کاشت کا ہدف 1 کروڑ65 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔ گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کیلئے تمام وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے زراعت ہاؤس میں منعقدہ گندم کی پرانشل سٹیرنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ گندم کی بروقت کاشت سے متعلق کاشتکاروں کی راہنمائی کی جائے۔وقت پر کاشتہ گندم زیادہ پیداوار کی ضامن ہے۔ امسال گندم کے محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام کے تصدیق شدہ بیج کی قیمت میں گزشتہ سال کی نسبت2 ہزار روپے فی تھیلا کمی کی گئی ہے تاکہ کاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبہ پر سرٹیفائیڈ بیج کا استعمال کر سکیں۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ گندم کے مداخل کی خریداری کیلئے 15اکتوبر سے وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کو فعال کیا جا رہا ہے۔ اب تک 11 لاکھ کاشتکاروں کی کسان کارڈ کیلئے رجسٹریشن ہوچکی ہے۔کاشتکار کسان کارڈ کے ذریعے صوبہ بھر میں 2500 سے زائدرجسٹرڈڈیلرز سے گندم کی فصل کیلئے بلا سود قرضہ سکیم کے تحت زرعی مداخل خرید سکیں گے۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ گندم کی کاشت اور پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے ڈویژنل و ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کی تشکیل دی جا چکی ہے۔گندم کے کاشتکاروں کو تصدیق شدہ بیج اور متوازن کھادوں کی اہمیت بارے آگاہی فراہم کی جائے۔پانی کی بروقت فراہمی کیلئے محکمہ آبپاشی اور زراعت کی کوآرڈینشن مضبوط کی جائے۔گندم کی کاشت کے ہدف کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس) پنجاب محمد شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید،ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں،ڈائریکٹر جنرل کراپ رپورٹنگ پنجاب ڈاکٹر عبدالقیوم، ڈائریکٹر گندم ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد ڈاکٹر جاویدسمیت دیگر اعلیٰ افسران و پرائیویٹ سیکٹر سے دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز زراعت(توسیع) آن لائن شریک ہوئے