ملتان( لیہ ٹی وی)محکمہ زراعت توسیع جلالپور پیر والہ کے زیر اہتمام گندم اور کینولا کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ محکمہ زراعت توسیع جلالپور پیر والہ کے زیر اہتمام موضع بھٹہ پونٹہ میں ملک فاروق بھٹہ کے ڈیرے پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر صفدر نےکہا کہ کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی خاطر گورنمنٹ نے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن میں سولر سسٹم کی ٹیوب ویل کے فراہمی ، بلاسود قرضوں کی فراہمی ،زرعی اوزاروں کی سبسڈی پر فراہمی، بلا سود قرضے اور گرین ٹریکٹر سکیم شامل ھے۔محمد طلحہ شیخ سینیئر زراعت آفیسر نے اپنے خطاب میں کہا کہ گھریلو پیمانے پر سبزیات کی کاشت کو فروغ دیں اور صحت مند رہیں۔ مہنگائی اور گرتی ہوئی ملکی معشیت کے تناظر میں یہ وقت کی ضرورت ہے کہ گھروں میں سبزیاں اگا کر نہ صرف صاف ستھری سبزیات حاصل کی جاسکتی ہیں بلکہ یہ ایک منافع بخش عمل ہے۔ گھر میں اگائی گئی سبزیاں زرعی زہروں سے پاک ہوتی ہیں ،زرعی زہروں سے پاک اورتازہ سبزیوں کے استعمال سے انسان کئی بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کاشف خان لنگاہ زراعت آفیسر نے کہا کہ فصلات کی باقیات جلانے سے نہ صرف سموگ پھیلتا ہے بلکہ زمین کی زرخیزی بھی ختم ہوتی ہے۔ دھان کی پرالی یا دیگر فصلات کی باقیات کو ہرگز آگ نہ لگائیں۔سیمینار میں راشد رحمانی، مدثر محبوب، ی اسر عرفات ، فاروق بھٹہ ، زرعی انٹرنیز سمیت کثیر تعداد میں زمینداروں نے شرکت کی