ملتان( لیہ ٹی وی)صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت وزیر اعلی پنجاب کسان کارڈ کی پیشرفت سے متعلق زراعت ہاؤس میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں کسان کارڈ کی ٹائم لائنز اور لانچنگ تقریب کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کسان کارڈ کے لیے 10لاکھ کاشتکاروں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے اورسکروٹنی کے بعد بینک آف پنجاب نے 3لاکھ 67 ہزار سے زائد کاشتکاروں کی وزیراعلی پنجاب کسان کارڈ کے حصول کے لیے تصدیق کر دی ہے جبکہ اب تک ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد کسان کارڈ کاشتکاروں نے وصول کر لیے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ پنجاب بھر میں 2500 مرچنٹس(رجسٹرڈ)ڈیلرز کی دوکانوں پر کسان کارڈ کے حوالے سے ضروری معلومات کے بورڈز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔صوبائی وزیر زراعت نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کسانوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور ان کو حل کرنے کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔سید عاشق حسین کرمانی نے کارڈ کی وصولی کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور اس ضمن میں اہل کسان کارڈ درخواست گزاروں کے لیے تشہیری مہم کو موثر انداز میں چلانے اور گھر گھر جا کر پیغامات پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ 5لاکھ کارڈ کی ڈلیوری کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کسان کارڈ کی فراہمی کے لیے تحصیل کی سطح پر 136ڈلیوری سنٹرز قائم کئے گئے اور کسان کارڈ کی فراہمی کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔ اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ یہ کسان کارڈ 15 اکتوبر سے کاشتکاروں کی خریداری کے لیے آپریشنل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسان کارڈ سے کاشتکار صوبہ بھر میں 2500 رجسٹرڈ ڈیلرز سے بیج، کھاد و دیگر زرعی مداخل کی خریداری کر سکیں گے علاوہ ازیں کسان کارڈ سے خریداری کے عمل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انھوں نے کھاد کی مصنوعی قلت اور سرکاری ریٹ سے زائد قیمت وصول کرنے والے ڈیلرز کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے بھی احکامات جاری کئے۔اجلاس میں سپشل سیکرٹری زراعت پنجاب آغا نبیل، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ایڈمن) ڈاکٹر اعجاز منیر، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ) کیپٹن (ر) وقاص رشید،ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔