لیہ( نمائندہ لیہ ٹی وی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی ہدایت پر تحصیل چوبارہ میں تجاوزات کے خاتمہ، سڑکوں کی بحالی، کشادگی اور صفائی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ ثناء اللہ ہنجرا نے دوسرے روز بھی رات گئے تک تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے صفائی ستھرائی کے عمل کی بھی نگرانی کی اور ہدایت کی کہ تجاوزات قائم کرنے والے افراد کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں سے مٹی، کچرا اٹھانے کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے تاکہ آلودگی اور سموگ کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے گرین بیلٹس کی بحالی کے لئے بھی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔