لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی خصوصی ہدایت پر ضلع لیہ میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی موجودگی میں چوک اعظم میں جاری آپریشن میں 40 سے زیادہ ریڑھیاں ضبط کی گئیں جبکہ 85 دکانوں کے تھڑے اور پختہ تعمیرات کو بھی ہیوی مشینری کی مدد سے گرا دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسد الرحمن بھی موجود تھے۔ یہ بات اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو بار بار نوٹس دئے گئے جس کے بعد اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران تجاوزات قائم کرنے والے 31 افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اینٹی انکروچمنٹ مہم کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور کسی کو قانون کی خلاف ورزی نہیں کرنے دی جائے گی۔