ملتان(لیہ ٹی وی )سید عاشق حسین کرمانی وزیر زراعت ، لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب نے ساہیوال میں کسان کارڈفراہمی مرکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی ملک قاسم، ملک ارشد اور پیر ولایت شاہ کھگہ، کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، آر پی او ساہیوال محبوب رشید ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد ، ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید اور ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اپنے دورہ کے دوران صوبائی وزیر نے کسان کارڈ فراہمی سنٹر پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے حصول کیلئے اب تک ساڑھے 8لاکھ کاشتکار رجسٹریشن کراچکے ہیں جبکہ اڑھائی لاکھ کسان کارڈز کی پرنٹنگ کے بعد فراہمی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15اکتوبر تک 5 لاکھ کارڈز ڈلیور کردئیے جائیں گے۔ وزیراعلی پنجاب کسان کارڈ کی فراہمی کے لیے صوبہ میں تحصیل کی سطح پر 134 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی فراہمی کا سلسلہ 15اکتوبر تک جاری رہے گا۔ صوبائی وزیر زراعت نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ گندم کے زرعی مداخل کی خریداری کیلئے استعمال ہوگا۔ساہیوال ڈویژن میں 60 ہزار کاشتکار رجسٹریشن کراچکے ہیں اور ساہیوال ڈویژن میں 7 کسان کارڈ فراہمی مراکزقائم کئے گئے ہیں ۔کسان کارڈ ڈلیوری سنٹرز پر محکمہ زراعت کے عملہ کو کاشتکاروں کی رہنمائی کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب زرعی ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔ زرعی میکانائزیشن کو فروغ دینے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت 10لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ کاشتکاروں کو بین الاقوامی طرز کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ساہیوال سمیت بہاولپور،ملتان اور سرگودھا میں ماڈل ایگری مالز قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار زرعی گریجوایٹس انٹرن شپ پروگرام متعارف کرایا گیا جس کے تحت انٹرنیز کو 60ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔16ستمبرسے نوجوان انٹرنیز فیلڈ میں عملی سرگرمیاں شروع کریں گے۔